نئی دہلی، 30؍اگست (ایس او نیوز؍ایجنسی) مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) نے مغربی بنگال الیکشن کے بعد تشدد معاملے میں گیارہ الگ الگ معاملات درج کرنے کے ٹھیک اگلے ہی دن دس مزید معاملے درج کئے اور دو ملزمین کو گرفتار کرلیا ہے۔ سرکاری بیان کے مطابق اس کے ساتھ ہی اس معاملہ میں اب تک کل ملا کر 21 ایف آئی آر درج کی جاچکی ہیں۔ نادیا کے چھپرہ میں ہوئے واقعہ کے سلسلہ میں 25 اگست کو سی بی آئی کی طرف سے درج معاملات میں پندرہ مختلف مقامات پر چھاپہ مارے گئے اور دو ملزمین کو گرفتار کیا گیا۔
نادیا ضلع میں ہوئے ایک واقعہ میں مقامی لوگوں کی بھیڑ دوپہر میں متاثرہ کے گھر میں گھس گئی اور اس کے کنبہ کے اراکین کو پیٹنا شروع کر دیا۔ بھیڑ مسلسل انہیں لاٹھیوں اور دیگر چیزوں سے پیٹ رہی تھی اور بعد میں انہیں گھسیٹ کر دوسری جگہ لے گئی تھی۔ متاثرہ جب بچانے کے لئے گئی تو اس کے ساتھ بھی مارپیٹ کی گئی۔
یہ معاملے پہلے مغربی بنگال کے مختلف تھانوں میں مختلف الزامات پر درج کئے گئے تھے۔ سی بی آئی کے ایک افسر نے کہا کہ کلکتہ ہائی کورٹ کی طرف سے ان معاملات کو اپنے ہاتھ میں لینے اور معاملے کی جانچ کرنے کی ہدایت دیئے جانے کے بعد سی بی آئی نے ان معاملات کی جانچ اپنے ہاتھ میں لے لی۔ قومی انسانی حقوق کمیشن (این ایچ آر سی) کی طرف سے قائم کردہ ایک کمیٹی کی طرف سے تشدد پر اپنی تفصیلی رپورٹ ہائی کورٹ کو سونپے جانے کے بعد عدالت نے سی بی آئی کو جانچ کی ہدایت دی۔